سعودی فاسٹ فوڈ کمپنی ’البیک‘ جلد پاکستان میں اپنی 200 برانچیں کھولے گی، وفاقی وزیر تجارت

وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ سعودی فاسٹ فوڈ کمپنی البیک نے پاکستان میں کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ بڑے شہروں میں 200 شاخیں کھولی جائیں گی۔ وزیر تجارت نے البیک کے سعودی عرب میں پلانٹس کا دورہ کیا اور وہاں کام کرنے والے پاکستانی ملازمین سے ملاقات بھی کی۔

ڈان نیوز کے مطابق البیک نے تصدیق کی کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کا اس کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے۔ جدہ میں ’میڈ ان پاکستان‘ ایگزیبیشن کے اختتام پر پریس بریفنگ کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال خان کا کہنا تھا البیک نے پاکستان آنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا عمل شروع ہو چکا ہے، وہ پہلے اپنی فوڈ چین بنائیں گے۔

البیک فوڈ سسٹم کمپنی کے کاروبار کو پاکستان میں لانے کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے پاکستانی کمپنی ’گو‘ اور سعودی کمپنی میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے تھے۔ پاکستانی وزیر تجارت نے سعودی عرب میں پاکستان کی برآمدات میں 22 فیصد اضافے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کا حجم 700 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

پاکستان نے سعودی سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ، سرمایہ کاروں کے تحفظ کے قوانین اور 240 ملین کی مضبوط کنزیومر مارکیٹ تک رسائی کے ساتھ کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیر تجارت جام کمال نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں وہ سعودی فاسٹ فوڈ چین البیک کے سربراہ رامی ابو غزالہ سے ملاقات کر رہے ہیں۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts