نوجوان کی محبت میں کراچی آنے والی امریکی خاتون اگر 11 فروری تک وطن واپس نہیں گئی تو ان کے خلاف فارن ایکٹ لاگو ہوجائے گا۔ جیونیوز کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن حکام نے گزشتہ روز جناح اسپتال میں امریکی خاتون سے ملاقات کی اور انہیں قانونی پیچیدگیوں سے آگاہ کیا۔ امیگریشن حکام کے مطابق خاتون کا 15 دن کا ایگزٹ پرمٹ 11 فروری کو ختم ہو جائے گا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون ایگزٹ پرمٹ ایکسپائری تک واپس نہیں گئی تو قانونی مشکلات پیدا ہوں گی، 11 فروری کے بعد امریکی خاتون کو پاکستان میں زائد المیعاد قیام کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے تحت خاتون کے خلاف 13/14 فارن ایکٹ 1946 کے تحت مقدمہ درج کیا جاسکے گا۔
امیگریشن ایکٹ کے تحت امریکی خاتون کو گرفتار کیا جائے گا اور فارن ایکٹ کے تحت عدالت میں پیش کیا جائے گا جب کہ اسے پاکستان میں غیرقانونی قیام پر ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیویارک کی رہائشی امریکی شہری اونیجا اینڈریو رابنسن 11 اکتوبر کو نوجوان کی محبت میں پاکستان کے ایک ماہ کے سیاحتی ویزے پر کراچی آئی تھیں، گزشتہ ہفتے سے طبیعت ناساز ہونے پر انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ سخت سیکورٹی میں زیر علاج ہیں۔