پاکستان اور چین کے درمیان سیمیٹ کی پیداوار میں اضافے، قابل تجدید توانائی اور کوئلے کی گیسیفیکیشن سمیت اہم معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان سیمنٹ کی پیداوار میں 5000 ٹن یومیہ اضافے، پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے مختلف منصوبوں پر تعاون، کوئلے کی گیسی فکیشن اور یوریا کی کے پیداواری پلانٹ کے منصوبوں پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب بیجنگ میں ہوئی۔ منصوبے پر مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب میں صدر آصف علی زرداری، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شرجیل میمن اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی شریک ہوئے۔
اس سے پہلے صدر مملکت آصف زرداری کی چین کے وزیر اعظم لی کیانگ Li Qiang سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر گفتگو بھی کی۔ گزشتہ روز چینی صدر سے ملاقات میں صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پہلے ہم چین کے اتحادی ہیں، پھر کسی اور کے، چین اور پاکستان کی سرحدیں ایک جبکہ باقیوں کی ہزاروں کلومیٹر دور ہیں۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا چین اور پاکستان فولادی دوست اور ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔