وزیراعلیٰ سندھ نے بورڈ آف ریونیوکوہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹامپ پیپر کی اسکروٹنی اور بائیومیٹرک ایک ہی وزٹ میں مکمل کی جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت بورڈ آف ریوینیو کی ڈئجیٹلائزیشن کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو بقااللہ انڑ، اسپیشل سیکریٹری این اینڈ جی اے ڈی زمان ناریجو، ممبر ریوینیو غلام عباس نائچ، پی ڈی ایل اے آر ایم آئی ایس سیف اللہ ابڑو اور دیگر شریک تھے۔
اجلاس میں حکام نے وزیراعلیٰ کو ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آن لائن اسٹامپ پیپر کےلیے آن لائن درخواست دی جا سکتی ہے، اسٹامپ پیپر کےلیے عرضدار کو بینک میں چالان جمع کرانا ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت سیلز سرٹیفکیٹ کےلیے ویب پورٹل مختیارکار، اسسٹنٹ کمشنرز کے پاس ہے۔ ای رجسٹریشن کےلیے آن لائن درخواست دینا ہوگی اور مختیارکار سیلز سرٹیفکیٹ کی تصدیق آن لائن کریں گے۔
بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ اسکروٹنی بائیومیٹرک کےلیے درخواست گذار کو سب رجسٹرار جانا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بورڈ آف ریوینو کو ہدایت کی کہ وہ درخواست گذار کو اتنے چکر نہ لگوائیں، فیس کی ادائیگی آن لائن ہونی چاہیے، ریوینیو آفس میں بھی بینک سہولت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہ اکہ بائیومیٹرک کا عمل درخواست گذار کے ایک ہی وزٹ میں مکمل ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے پورا ریوینیو ریکارڈ ڈیجیٹلی دوبارہ ترتیب دینے، سیلز سرٹیفکیٹ اور ای رجسٹریشن کےلیے ون ونڈو سسٹم بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریوینیو ایکٹ میں ضروری ترامیم کےلیے سمری طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے ریوینیو ڈیپارٹمنٹ کو ایک دیہی اور ایک شہری دیہوں کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے 6 ہفتوں میں 2 دیہوں کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرکے دینے کہ ہدایت کی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ جن دیہوں کا ریکارڈ جل گیا یا ضائع ہوگیا تھا اس کے بعد اس کی ڈیجیٹلائزیشن شروع کریں اور مینوئل ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کا سافٹ ویئر 2 ماہ میں بنائیں۔