صوبہ سندھ میں گزشتہ 7 سال سالوں کے دوران جنسی ہراسگی کے 6 ہزار 780 کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق اعداد و شمار محکمہ سوشل ویلفیئر کی طرف سے جاری کیے جس میں کہا گیا کہ صوبہ سندھ میں مذکورہ عرصے کے دوران جنسی ہراسگی کے 6 ہزار 780 شکایات موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ سوشل ویلفیئر کی رپورٹ کے مطابق زیادہ واقعات کم عمر لڑکیوں اور لڑکوں کے ساتھ ہوئے ہیں۔ 2018 میں جنسی ہراسگی کے 13 اور 2019 میں 422 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اسی طرح 2020 میں 1 ہزار 841 واقعات اور 2021 میں 1 ہزار 669 واقعات درج ہوئے جبکہ 2022 میں یہ تعداد 1 ہزار 52 ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 2023 اور 2024 میں بلترتیب 891 اور 892 واقعات ہوئے، صنفی لحاظ سے مجموعی طور پر 7 سالوں کے دوران خواتین کی 2 ہزار 500 اور مردوں کی 4 ہزار 280 شکایات موصول ہوئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر نے ان شکایات پر قانونی کارروائی کی، سب سے زیادہ 1 ہزار 527 شکایات ضلع جنوبی کراچی اور سب سے کم 27 شکایات سجاول اور ٹنڈوالہیار سے رپورٹ ہوئی۔