کراچی، گارڈن ویسٹ سے لاپتہ 2 بچوں کو 6 روز گزر گئے، بچوں کو خاتون اور مرد کے لے جانے کا انکشاف، پولیس

کراچی کے علاقے گارڈن سے لاپتہ ہونے والے 2 بچوں کو 6 روز گزر گئے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق لیاری کشتی چوک تک بچوں کی آخری لوکیشن آئی ہے، سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے تفتیش کو آگے بڑھایا گیا ہے، روٹ کی مزید سی سی ٹی وی ویڈیوز حاصل کی جارہی ہیں۔

اسد رضا نے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے، 5 رکنی کمیٹی کو بچوں کی جلد بازیابی کی خصوصی ہدایات دی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ منظرِ عام پر آنے والی سی سی ٹی وی ویڈیو میں خاتون اور مرد کو بچوں کو لے جاتے دیکھا گیا، واضح ویڈیو نہ ہونے سے ملزمان اور موٹرسائیکل کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا ہے کہ موٹرسائیکل کی تفصیلات کے لیے اے وی ایل سی سی سے بھی رابطہ کیا ہے، جائے وقوعہ اور بچوں کی آخری لوکیشن کی جیو فینسنگ مکمل کرلی ہے۔ اسد رضا کے مطابق 6 روز قبل دونوں بچے گھر کے باہر سے لاپتہ ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ گارڈن حسن لشکری محلہ سے 14 جنوری کو دو بچے 5 سالہ علیان اور 6 سالہ علی رضا کو مبینہ طور پر اغواء کیا گیا تھا۔ بچوں کے اہلخانہ کی جانب سے بازیابی کے لیے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج بھی کیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیے گئے، تاحال بچوں کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts