کراچی کے علاقے گارڈن سے اغوا کیے گئے دو بچوں کی تلاش کے دوران پولیس نے 19 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل ساؤتھ سید اسد رضا نے بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا ہے کہ انہیں موٹر سائیکل پر سوار ایک مرد اور خاتون اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ گارڈن پولیس نے علیان کی والدہ زینب یونس کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی عارف عزیز کی سربراہی میں دونوں لاپتا بچوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا گیا، سرچ آپریشن کے دوران 19 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا جب کہ ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ ایس ایس پی عارف عزیز کا کہنا تھا کچھ شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں جس سے پولیس کو بہت جلد بچوں کی بازیابی میں مدد ملنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب پولیس نے لاپتا بچوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 3 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل گارڈن ویسٹ سے 5 سالہ علیان عرف علی اور 6 سالہ علی رضا لاپتا ہوگئے تھے۔