وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے خط میں لکھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے 105 منصوبوں میں سندھ کے صرف چھ منصوبے رکھے گئے، وفاق نے پنجاب کیلئے نیشنل ہائی وے کی طرف سے 33 منصوبے رکھے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے خط میں کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سندھ کے ساتھ ناانصافی کی حد کردی ہے، پنجاب کیلئے 708 ارب روپے کے منصوبے تجویز کئے گئے اور 62 ارب مختص کئے گئے، سندھ کیلئے صرف 78 ارب روپے تجویز کئے گئے اور 7 ارب روپے مختص کئے گئے۔
خط میں کہا گیا کہ ن لیگ نے اتحادی حکومت ہوتے ہوئے سندھ کے ساتھ ناانصافیوں پر حد پار کردی ہے، وفاق این ایچ اے بجٹ کا کُل 39 فیصد پنجاب، کے پی کے 18 فیصد اور بلوچستان کے لئے 24 فیصد فنڈز خرچ کرے گا، جبکہ سندھ کیلئے صرف 6 فیصد رکھا گیا ہے۔