کورنگی کریک میں قائم سلیم حبیب یونیورسٹی نے کاسمیٹکس کے شعبے میں 4 سالہ بیچلرز آف سائنسز (بی ایس) پروگرام متعارف کرا دیا ہے جس میں طلبا کو اس شعبے میں تعلیم و تربیت دی جائے گی۔ یہ ڈگری 8 سیمسٹرز پر مشتمل ہے اور اس میں 124 گھنٹے کی تعلیمی مدت شامل ہے۔
اس پروگرام میں طلبا کو کاسمیٹکس، پروڈکٹ ڈویلپمنٹ، فارمولیشن، مارکیٹنگ اور کاروباری انتظام کے بارے میں تعلیم دی جائے گی تاکہ وہ میک اپ اور بیوٹی کی صنعت میں کامیاب کیریئر کے لیے تیار ہو سکیں۔ نئے پروگرام کے تحت طلبا کو کاسمیٹکس سائنس کے بنیادی اصولوں سے لے کر جدید تکنیکوں تک تمام اہم پہلوؤں پر تعلیم دی جائے گی۔
یہ پروگرام نہ صرف میک اپ کی مہارتوں کو نکھارنے کا موقع فراہم کرے گا بلکہ انہیں اس صنعت کی کاروباری، مارکیٹنگ اور سیلز کی تفصیلات سے بھی آگاہ کرےگا۔
فارمیسی کی فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر نور کامل کے مطابق یہ 4 سالہ بی ایس پروگرام میک اپ اور بیوٹی کے شوقین افراد کے لیے ایک سنہری موقع ہے تاکہ وہ اپنے شوق کو ایک پیشہ ورانہ کیریئر میں تبدیل کر سکیں۔
طلبہ نے کاسمیٹکس سائنس کی ڈیمو کلاسز لیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اب اپنے شوق کو اپنی پہچان بنا سکتے ہیں اس میں ہمیں جو کیمیکلز نقصان دہ ہیں وہ بھی بتایا جائے گا تا کہ ہم اچھے پروڈکٹس بنائیں۔