سعودی عرب میں 19 بچوں کی ماں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرلی ہے۔ سعودی خاتون ڈاکٹر حمدہ الرویلی نے ایک سعودی ٹی وی پروگرام میں بتایا کہ انہیں تعلیم حاصل کرنے کا بہت شوق تھا جو انہوں نے شادی کے بعد بھی جاری رکھا۔ خاتون نے کہا کہ ان کے 19 بچے ہیں جن میں 9 بیٹیاں اور 10 بیٹے ہیں سب سے بڑے کی عمر 23 برس جبکہ سب سے چھوٹا 4 ماہ کا ہے، جن کی تربیت اور خود اپنے روزگار کے باوجود حصول علم کا عمل خاصہ مشکل تھا۔
انٹرویو میں خاتون نے کہا کہ یہ میرا خواب تھا کہ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کروں مگر زندگی کے شب وروز کے ساتھ یہ امر قدرے دشوار محسوس ہوا تاہم عزم صمیم ہو تو دشواریاں خود ہی ختم ہوجاتی ہیں اور راہیں از خود آسان بن جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بیک وقت معلمہ اور نظم وضبط کو برقرار رکھنے والی انسپکٹرکا کردار بھی ادا کرنا پڑا تاکہ بچوں کی تربیت میں کسی قسم کی کمی نہ رہ جائے۔
انہوں ے مزید کہا کہ وہ نفسیاتی کلینک میں ملازمت بھی کرتی ہیں جبکہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ بھی دیکھتی ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے وقت کو تقسیم کررکھا تھا، فضول باتوں اور کاموں سے بہت دور رہی، اسی لیے اپنے وقت کو مفید سرگرمیوں میں لگایا تاکہ بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ اپنے خواب کی تعبیر بھی حاصل کرسکوں۔