سفاری پارک میں گزشتہ ماہ انتقال کر جانے والی ہتھنی سونیا کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ آگئی ہے،پوسٹ مارٹم یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے ماہر پیتھالوجسٹ سے کرایا گیا۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی علی حسن ساجد کا کہنا ہے کہ رپورٹ کے مطابق سونیا کے انتقال کی وجہ پھیپھڑوں کے ٹشوزاور ایبسیس میں تنفسی بیماری اورسیپسس پیدا ہونا تھا۔ علی حسن ساجد کے مطابق بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت سے سفاری پارک کی دیگر دو ہتھنیوں کا بھی مکمل طبی معائنہ کرایا جا رہاہے
انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں ہتھنیوں کو جراثیم اور انفکیشنز سے فوری حفاظت فراہم کی جائے گی۔بین الاقوامی ماہرین کے تعاون سے سفاری پارک کے جانوروں کی دیکھ بھال کا انتظام کیا جائے گا۔
سفاری پارک میں ہتھنیوں کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کے افراد کے بھی ضروری ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں۔سفاری پارک اور کراچی چڑیا گھر میں رکھے گئے جانوروں کی دیکھ بھال کا عمل بہتر بنانے کے لئے اقدامات جا ری ہیں۔