چین میں کورونا کے 5 سال بعد ایک اور وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس وائرس کا نام ہیومن میٹاپنیو وائرس (HMPV) ہے جو لوگوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے، اسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں سوشل میڈیا پر کئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں اسپتالوں میں رش دکھایا گیا ہے، انٹرنیٹ صارفین کے مطابق انفلوئنزا، ایچ ایم پی وی، نمونیا اور کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔ انٹرنیٹ پر یہ بھی دعوے سامنے آ رہے ہیں کہ چین نے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
امیریکن لنگس ایسوسی ایشن کے مطابق ایچ ایم پی وی کی علامات کورونا وائرس سے ملتی جلتی ہیں۔
ایچ ایم پی وی کی علامات کیا ہیں؟
ابتدائی طور پر یہ وائرس فلو کا سبب بنتا ہے جو بعد میں سانس کے شدید مسائل کا باعث بھی بن جاتا ہے۔
عام علامات میں کھانسی، بخار، ناک بند ہونا اور سانس کی قلت شامل ہیں
وائرس نمونیا جیسی پیچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہے
ایم ایم پی وی کے لیے انکیوبیشن کا دورانیہ عام طور پر تین سے چھ دن کے درمیان ہوتا ہے
ماہرین کے مطابق ایم ایم پی وی سانس کے دیگر وائرسوں کی طرح پھیلتا ہے، کھانسی اور چھینک کے دوران نکلنے والی رطوبت اس کے پھیلاو کا سبب بن سکتی ہے ۔
متاثرہ فرد سے ہاتھ ملانے، آلودہ سطحوں کو چھونا اور پھر منہ، ناک یا آنکھوں کو چھونے سے بھی پھیل سکتا ہے۔
ایچ ایم پی وی سے چھوٹے بچوں، بوڑھوں اور جسمانی اور مدافعتی طور پر کمزور افراد کو سب سے ذیادہ خطرہ ہے۔
ابھی تک ایچ ایم پی وی کے لیے کوئی مخصوص اینٹی وائرل علاج یا ویکسین نہیں ہے، متاثرہ افراد احتیاط کے زریعے ہی اس سے بچ سکتے ہیں۔
ایچ ایم پی وی سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟
ہاتھ صابن اور پانی سے باقاعدگی سے کم از کم 20 سیکنڈ تک دھوئیں۔
بغیر دھوئے ہوئے ہاتھوں سے چہرے کو چھونے سے گریز کریں۔
بیماری کی علامات ظاہر کرنے والے لوگوں سے فاصلہ برقرار رکھیں۔
کثرت سے چھونے والی سطحوں کو صاف کریں۔
منہ اور ناک کو ڈھانپیں۔
چھینک یا کھانستے وقت ٹشو کا استعمال کریں تاکہ بوندوں کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
وائرس سے متاثرہ افراد ذاتی استعمال کی اشیاء کو دوسروں سے شیئر کرنے سے گریز کریں۔
اپنے برتن ، گلاس اور کپ کو علیحدہ کرلیں۔
گھر پر رہیں اور زیادہ میل جول سے پرہیز کریں۔
اگر سانس کے انفیکشن کی علامات محسوس ہوں یا فلو کئی روز تک برقرار رہے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔