محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج اور کل کم سردی پڑنے جبکہ 4 جنوری سے سردی کی شدت دوبارہ بڑھنے پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہرکا کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر میں اس وقت موسم سرد اور خشک ہے، شمال سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 6 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج اور کل سردی کی شدت میں معمولی کمی کی پیشگوئی کی ہے، دوسری جانب آج بلوچستان میں بارش برسانے والے مغربی سسٹم کے داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر 4 جنوری تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے بلوچستان سے نکلنے کے بعد کراچی سرد ہواؤں کی زد میں آسکتا ہے اور 4 جنوری سے سردی کی شدت دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے جس دوران شہر کا درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والے سسٹم کے زیر اثر لاہور سمیت پنجاب میں جمعرات سے بارش اور آزاد کشمیر میں برفباری متوقع ہے، خیبرپختونخوا، پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے ساتھ اسموگ جبکہ تھرپارکر سندھ میں شدید سردی متوقع ہے۔