رواں سال کراچی میں ٹریفک حادثات میں کتنی اموات ہوئی؟

کراچی میں رواں سال775افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے اور 7 ہزار 621 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 610 مرد 85 خواتین اور 80 بچے شامل ہیں۔ ریسکیو اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران کراچی کی سڑکوں پر مختلف حادثات کے دوران 191 افراد مارے گئے جبکہ 1970 زخمی ہوئے۔

دوسری سہ ماہی میں 195 افراد مختلف حادثات میں لقمہ اجل بن گئے اور 1597 زخمی ہوئے، جولائی سے ستمبر کے دوران 161 افراد شہر کی سڑکوں پر ٹریفک حادثات میں جان سے گئے جبکہ 1927 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں لایا گیا۔ سال کی آخری سہ ماہی ٹریفک حادثات میں 218 افراد کی جان لے گئی،ان تین ماہ میں زخمییوں کی تعداد 2447 رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثات کے دوران ذیادہ تر اموات موٹر سائیکل سوار افراد کی ہوئی کراچی کی سڑکوں پر روزانہ 65 لاکھ گاڑیاں اور 42 لاکھ موٹرسائیکلیں چلتی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ماڑی پور روڈ ، شارع پاکستان، سائٹ ایریا ، شیر شاہ ، لیاقت آباد دس نمبر ، سہراب گوٹھ ، ٹاور، ملیر نیشنل ہائی وے، کورنگی ، کریم آباد پل ، لیاقت آباد پل اور دیگر مقامات پر دن کے اوقات میں بھی ٹرالر ، ڈمپر، ٹینکرز اور ڈمپر سڑکوں پردکھائی دیتے ہیں۔ جبکہ شہر کی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور غیر ضروری اور غیر قانونی یوٹرن بھی شہر میں حادثات کی بڑی وجہ بن رہی ہے۔

دوسری جاب ٹریفک پولیس حکام کے مطابق غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، تیز رفتاری ،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ کم عمر نوجوانوں کی لاپرواہی حادثات کی اہم وجوہات ہیں جن سے بچاو کا واحد راستہ سڑکوں پر دوران ڈرائیونگ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts