سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشنز پر یقین رکھتا ہے جس میں سماج کے تمام تر پسماندہ افراد کو انتخابی عمل میں شامل کرنا ہے جس کے لئیے کمیشن دن رات کوشاں ہے، "جینڈر مین اسٹریمنگ اینڈ سوشل انکلوژن فریم ورک” (جی ایم ایس آئی ایف) کا قیام بھی ان ہی کوششوں کا نتیجہ ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونگے اور پاکستان کے جمہوری نطام کو مزید تقویت ملے گی، جلد دیگر صوبوں میں بھی اس طرح کی تقریبات ہونگی۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ان تمام تجاویزات کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کے جلد از جلد ان پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کراچی کے مقامی ہوٹل میں انتخابی نظام کی جینڈر مین اسٹریمنگ کے لیے دو روزہ جامع مشاورتی مکالمہ "جینڈر مین اسٹریمنگ اینڈ سوشل انکلوژن فریم ورک” (جی ایم ایس آئی ایف) کی تقریب سے خطاب میں کیا۔تقریب میں بتایا گیاکہ "جینڈر مین اسٹریمنگ اینڈ سوشل انکلوژن فریم ورک” (جی ایم ایس آئی ایف) 2024ء سے 2028ء تک نافذ العمل ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ جناب شریف اللہ، سندھ کی صوبائی وزیر صحت عذرہ فضل پیچوہو ،خواتین ارکان سندھ اسمبلی ہیر سوہو، ریحانہ لغاری ، ڈاکٹر فوزیہ حمید اور سول سوسائٹی ممبران صائمہ علی، ایس ایم نشاد احمد ، ارم سائم، محمد عارف، کامی سڈ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جی۔ایس۔آئی نگہت صدیقی اور نادرا اور دیگر سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ نے کہا کہ سیاسی عمل میں خواتین کی شرکت معاشرتی ترقی کے علاوہ ایک مضبوط جمہوری نظام کے قیام میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ خواتین آبادی کے لحاظ سے نصف سے زائد ہے لیکن سیاسی عمل میں خواتین کی شرکت مکمل نہیں ،الیکشن کمیشن ان رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لئیےکوشاں ہے اور آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انعقاد کے لیئے ہمہ وقت تیار ہے۔
ڈائریکٹر جنرل جی۔ایس۔آئی نگہت صدیقی نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین، اقلیتوں، معذور افراد اور خواجہ سراء افراد کی انتخابی عمل میں شمولیت اور رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ تقریب میں بتایا گیا کہ اس فریم ورک کی تکمیل کیلئے اساتذہ، پارلیمان، سول سوسائٹی، الیکشن کمیشن کے عملے اور خواتین کے سیاسی حقوق سے متعلق تنظیموں سے وسیع پیمانے پر مشاورت کی گئی ہے۔ شرکاء نے مختلف قسم کی گروپ ایکٹوٹیز اور پریزینٹیشنز میں حصہ لیا اور انتخابی نظام کو مزید بہتر بنانے کی لیئے مختلف تجاویزات دیں۔
شبیر احمد ، کنٹری ڈائریکٹر انٹرنیشل فائونڈیشن فار الیکٹورل سسٹم ( آئی ایف ای ایس ) اور ان کی ٹیم کا اس تمام تر عمل میں کلیدی کردار رہا اور انہوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر انتخابی عمل کو مزید بہتر بنانے کا عزم کیا۔