صوبہ خیرپختونخوا کے شہر پارا چنار میں ڈھائی ماہ سے راستوں کی بندش کے خلاف دھرنا چھٹے روز بھی جاری، علاج کی سہولیات نہ ملنے سے جاں بحق بچوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔
تحصیل چیئرمین اپر کرم آغا مزمل حسین نے بتایا کہ راستوں کی بندش کے باعث شہری خوراک اور علاج کی سہولیات سے محروم ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ علاج کی سہولیات نہ ملنے کے باعث 100 سے زائد بچے دم توڑچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج نہ ملنے سے سو بچوں کا دم توڑنا تاریخ کا بدترین ترین ظلم ہے۔ تحصیل چیئرمین نے فوری راستے نہ کھولنے کی صورت میں بلدیاتی نمائندوں سمیت مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔۔
ڈپٹی کمشنر کرم ایجنسی نے کہا کہ قیام امن اور عوامی مشکلات میں کمی کے لیے گرینڈ جرگے کے مذاکرات جاری ہیں۔ مذاکراتی عمل کیلئے گرینڈ امن جرگہ ضلع کرم پہنچ گیا ہے۔
پاراچنار میں راستوں کی بندش کی وجہ:
پارا چنار میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے قبائل کے درمیان تصادم جاری ہے جس میں 100 سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ کشیدہ حالات کے باعث گزشتہ ڈھائی ماہ سے ضلع کے تمام چھوٹے بڑے راستے بند ہیں۔
عدالت نے انٹری ٹیسٹ روک دیا:
پشاور ہائیکورٹ نے ہائیرایجوکیشن کمیشن سکالرشپ انٹری ٹیسٹ روک دیا ہے۔ ضلع کرم میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث ہائیر ایجوکیشن کمیشن سکالر شپ انٹری ٹیسٹ روکنے کے لئے دائر درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، ضلع کرم کے طلباء کے لئے صدہ میں انٹری ٹیسٹ ہال کا انتظام کیا جائے۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ انٹری ٹیسٹ 26 دسمبر کو شیڈول ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت امدادی سرگرمیاں جاری:
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پارا چنار میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اہم ریلیف آپریشن شروع کردیا۔ حکام کے مطابق 500 کلو گرام دوائیں لے کر پہلا ہیلی کاپٹر پاراچنار پہنچا اور واپسی پر 4 مریضوں کو علاج معالجے کے لیے پارا چنار سے اسلام آباد لایا، دوسرا ہیلی کاپٹر مزید 500 کلوگرام ادویات لے کر پاراچنار روانہ ہوچکا ہے اور واپسی پر وہاں سے مریضوں کو لے کر اسلام آباد آئے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں پاراچنار اور خیبر پختون خوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
کراچی اور لاہور میں دھرنے:
پارا چنار میں جاری دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کراچی اور لاہور میں دوسرے روز بھی دھرنا جاری ہے۔ کراچی میں احتجاجی دھرنا نمائش چورنگی اور ابو الحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن کے قریب دیا جارہا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاجی دھرنے کے باعث نمائش چورنگی سے گرومندر جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے، عباس ٹاؤن سے سپر ہائی وے کی جانب جانے اور آنے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جارہا ہے۔