سندھ حکومت نے گدھا گاڑی ریس میں حصہ لینےوالے مالکان کی رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سیکریٹری کھیل سندھ عبدالعلیم لاشاری کے مطابق وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر گدھا گاڑی ریس کے مالکان کی رجسٹریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رجسٹریشن کے بعد گدھا گاڑی ریس کےشوقینوں کومالی اورانتظامی مدد فراہم کی جائے گی۔
سیکریٹری کھیل سندھ نے کہا کہ گدھا گاڑی ریس کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جانوروں کی بہبود کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے انہوں نے کہا کہ گدھا گاڑی ریس کو سندھ میں مزید پروموٹ کریں گے، وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر محکمہ کھیل سندھ ضلعی سطح پر مختلف گیمزکروارہاہے، سندھ کے نوجوانوں میں کھیلوں سے متعلق بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔
اس سے قبل، محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے کراچی میں مائی کولاچی روڈسے فیریئر ھال تک گدھاگاڑی ریس کاانعقاد کیا گیا۔ سیکریٹری کھیل سندھ عبدالعلیم لاشاری کے مطابق گدھا گاڑی ریس میں 40 سے زائد افراد نے حصہ لیا، ریس "سرتاج” نے جیت لی، مالک کو ایک لاکھ انعام میڈل اور ٹرافی سے نوازا گیا۔ سیکریٹری کھیل سندھ کے مطابق دوسری پوزیشن والے کو 75 ہزار اور تیسری پوزیشن لینے والے کو 50 ہزار اور تین افراد کو پچیس پچیس ہزار روپے دیئے گئے ہیں۔