بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ سیاسی شخصیات کی جانب سے قائد اعظم محمد علی جناح کو یوم ولادت پر زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم نے ایک سیاسی جدو جہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدلا، قائد کے وژن، عزم اور استقلال کی بدولت مسلمانوں کو آزاد وطن میسر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نازک ترین دور میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت ان کی غیر معمولی صلاحتیوں کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد اعظم نے وہ کر دکھایا جسے لوگ ناممکن سمجھتے تھے، ان کی انتھک محنت کی بدولت پاکستان وجود میں آیا، قائداعظم اتحاد، انصاف اور مساوات پر یقین رکھتے تھے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد کی جدوجہد کا سفر محنت اور لگن کے ذریعے خوابوں کی تعبیر کا ثبوت ہے، ہمارا فرض ہے کہ قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے محنت کریں۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہمارے بانی قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر ہمیں ایک پرامن اور خوشحال پاکستان بنانے کا عزم کرنا چاہیے جس کی جڑیں اس کے تمام شہریوں کے لیے انصاف پر مبنی ہوں۔
دوسری جانب پاک فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افواج قائداعظم کے وژن اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، بانی پاکستان کی انتھک جدوجہد نے ہمارے عوام کو متحد کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی ، قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کیلئے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں ۔
اس سے پہلے قائداعظم کے یوم پیدائش پر دن کا آغاز وفاق اور صوبائی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے ہوا اور بابائے قوم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب مزار قائد پر منعقد کی گئی جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔