فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پاس ورڈ پالیسی تبدیل کرلی گئی ہے تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی نئی پاس ورڈ پالیسی کے تحت پاسورڈ اب ہر 60 دن بعد تبدیل کرنے ہوں گے، بہ صورت دیگر پاسورڈ ایکسپائر ہو جائیں گے۔
ایف بی آر کے مطابق پاسورڈ ایکسپائر ہونے کی صورت میں فارگیٹ پاس ورڈ کے ذریعے پاس ورڈ تبدیل کر کے آپ اپنے پورٹل کا ایکسیس حاصل کر سکیں گے۔ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ رجسٹریشن کے وقت دیا جانے والا موبائل فون نمبر اور ای میل ایڈریس اپنی دسترس میں رکھیں، کیوں کہ موبائل فون نمبر یا ای میل ایڈریس بھول گئے تو مشکلات ہو سکتی ہیں۔
دوسری جانب نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے کہ مائیکروسافٹ کے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں سیکیورٹی نقص آیا ہے، جس سے صارفین اور اداروں کے سسٹم ہیک ہونے اور ذاتی معلومات چوری ہونے کا خدشہ ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق آپریٹنگ سسٹم کے سیکیورٹی نقص سے یوزر نیم، ڈومین نیم اور پاسورڈ چرائے جا سکتے ہیں، سیکیورٹی نقص سے فائل کھولے بغیر ہی اہم معلومات تک رسائی ہو سکتی ہے۔
سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مطابق سیکیورٹی نقص سے مائیکروسافٹ کے ونڈو 7 سے 11 تک کے ورژن متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے سائبر ایمرجنسی نے سیکیورٹی اسٹریٹجی کے قیام کی سفارش کی ہے۔