وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سال 2024 کی آخری انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا ہے اس موقع پر کمشنر کراچی حسن نقوی، ، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ، انچارج ای او سی ارشاد سوڈھر اور دیگر تقریب میں موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے این جے وی اسکول میں بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے بچوں کے والدین سے گذارش کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں قطرے پلا کر اپنے بچوں کو مستقل معذروری سے بچائیں، ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس سال کی آخری پولیو مہم ہے، کوئی بچہ ویکسین سے رہ نہ جائے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں انسداد پولیو مہم 16 تا 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ 80 ہزار ہزار فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ بھر میں پولیو ٹیموں کی حفاظت کےلیے 15 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس سال پاکستان میں 63 جبکہ 17 سندھ سے پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ مہم کے دوران ویکسین سے رہ جانے والے بچوں کےلیے صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کریں۔ واٹس ایپ نمبر03467776546 پر بھی قطرے پلانے کےلیے رہنمائی کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیو سے متاثرہ بچوں سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم اس لیئے بار بار عوام کو اپیل کرتے ہیں کہ اپنے بچوں کو معذوری سے بچائیں اور پولیو سے حفاظت کے قطرے پلائیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کےسوا دنیا بھر سے پولیو کا خاتمہ ہوگیا ہے، ہم اپنے تمام ڈی سیز کی رپورٹس کو اہمیت دیتے ہوئے انسداد پولیو مہم کا خاتمہ لائینگے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پولیو سے متاثرہ بچوں سے بھی ملاقات کی جو 1991 اور 1994 میں متاثر ہوئے تھے، میری عوام سے گزارش ہے کہ ہمارا ساتھ دیں تمام والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔