پاکستان میں ایک ہفتے میں18 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 11میں کمی ہوئی ہے جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر 0.07 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 3.71 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 12 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا 11 کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
گذشتہ ہفتہ کے دوران چکن کی قیمت میں 3.80 فیصد، اڑھائی بناسپتی گھی 2.27 فیصد، کیلا 1.99 فیصد، آلو 1.93 فیصد، سرسوں کا تیل 1.07 فیصد، پانچ لٹر کوکنگ آئل 0.98 فیصد، واشنگ سوپ 0.80 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 0.52 فیصد، انرجی سیور 0.31 فیصد، ایل پی جی 0.28 فیصد اور سگریٹ کی قیمت میں 0.26 فیصد کا اضافہ ہوا۔
11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، پیاز کی قیمت میں 3.58 فیصد، ٹماٹر 3.10 فیصد، انڈے 2.14 فیصد، لہسن 1.58 فیصد، دال چنا 1.19 فیصد، اری چاول 0.75 فیصد، دال ماش 0.59 فیصد، آٹا 0.58 فیصد اور جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 0.16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔