سری لنکا کی لنکا ٹی 10 لیگ کی فرنچائز کے بھارتی مالک کو میچ فکسنگ کے الزام پر سری لنکا میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بھارتی نیوز رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی اسپورٹس پولیس نے میچ فکسنگ کے الزامات پر لنکا ٹی 10 لیگ میں فرنچائز کے بھارتی مالک کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے بتایا کہ لنکا ٹی 10 سپر لیگ میں ’گال مارولز‘ ٹیم کے مالک کو گرفتار کر لیا جنہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا، مزید کہا کہ پریم ٹھاکر کو کینڈی کے پالے کیلے اسٹیڈیم کے وسطی ضلع میں کھیلی جارہی لنکا ٹی 10 لیگ میں میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ گال مارولز ٹورنامنٹ کی 6 ٹیموں میں سے ایک ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان کی گرفتاری ٹیم میں موجود ویسٹ انڈیز کے ایک غیر ملکی کھلاڑی کی شکایت کے بعد عمل میں آئی ہے، جنہوں نے پریم ٹھاکر کی جانب سے میچ فکس کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، جس سے افتتاحی لنکا ٹی 10 ٹورنامنٹ کی شفافیت کے بارے میں خدشات پیدا ہو گئے ہیں، واضح رہے کہ یہ لنکا ٹی 10 سپر لیگ کا افتتاحی ایڈیشن ہے۔