صوبہ سندھ میں غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والی مختلف ترقیاتی اسکیموں کے تحت ایک کھرب 13 ارب روپے صوبائی حکومت کو موصول ہو گئے ہیں۔ سندھ میں مجموعی طور پر فارن فنڈنگ کے اشتراک سے 38 اسکیمیں جاری ہیں۔
رواں مالی سال کے بجٹ میں 3کھرب 60ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے غیر ملکی امداد کے اشتراک سے صوبائی حکومت نے پورے کرنے ہیں۔غیر ملکی فنڈنگ کا مجموعی تخمینہ 3کھرب34کروڑ روپے ہے،جس میں سے ایک کھرب 13 ارب روپے موصول ہو چکے ہیں۔ غیر ملکی فنڈنگ سے مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبے تعلیم ،صحت ،توانائی ،انفراسٹرکچر کے منصوبےشامل ہیں۔
محکمہ بلدیات کی 5 اسکیموں کے لیے 15 ارب 98 کروڑ کی رقم سندھ حکومت کو دی گئی ہےمحکمہ صحت کی 3 اسکیموں کے لیے 4 ارب 52 کروڑ سے زائد رقم جاری کی گئی۔ محکمہ تعلیم کی 6 اسکیموں کے لیے 7 ارب 26 کروڑ سے زائد رقم دی گئی۔
پی اینڈ ڈی کی 5 اسکیموں کے لیے 13 ارب سے زائد رقم سندھ حکومت کو دی گئی ہے۔محکمہ ایس جی اے اینڈ سی ڈی کی دو اسکیموں کے لیے 43 ارب 38 کروڑ سے زائد رقم جاری کی۔ محکمہ زراعت کے لیے 5 ارب 86 کروڑ سے زائد کی رقم جاری کی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی دو اسکیموں کے لیے 4 ارب 68 کروڑ کی رقم صوبائی حکومت کو ملی۔
محکمہ توانائی کی ایک اسکیم کے لیے 3 ارب 29 کروڑ سے زائد رقم جاری ہوئی۔ محکمہ خزانہ کی ایک اسکیم کے لیے 83 کروڑ زائد رقم دی۔محکمہ آب پاشی کی 5 اسکیموں کے لیے 3 ارب 35 کروڑ کی رقم دی گئی ہے۔