کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر امریکا جانے والی خاتون سمیت 4 افراد کو قید کی سزا سنا دی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر امریکا جانے والی پریانکا دیوی سمیت 4 ملزمان کیخلاف مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمہ پریانکا دیوی کو مجموعی طور پر 6 سال قید کی سزا سنادی۔ عدالت نے مجرمہ پر 45 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔ عدالت نے 3 شریک ملزمان مریم، امان اور راشد کو 2، 2 سال قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے تینوں ملزمان پر 20، 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے چاروں مجرمان کی ضمانت منسوخ کرکے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آبزرویشن میں کہا کہ جعلی ڈگری اور تعلیمی اسناد معاشرے کے لیے خطرہ ہیں۔ جعلی ڈگریاں ڈگری ہولڈر اور تعلیمی اداروں کے لیے خطرہ ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ پریانکا دیوی کیخلاف امریکی قونصل خانے کی شکایت پر انکوائری شروع کی گئی تھی۔ ملزمہ پریانکا دیوی نے پڑھائی کے لیے امریکا جانے کے لیے کراچی یونیورسٹی کی جعلی ڈگری جمع کرائی تھی۔ ایجوکیشنل کنسلٹنٹ مجرمہ مریم عادل نے پریانکا دیوی کو جعلی ڈگری لینے پر اکسایا تھا۔ ملزم امان نے پریانکا دیوی کو جعلی ڈگری دلوائی تھی۔