محکمہ تعلیم سندھ نے آئندہ تعلیمی سیشن 2025یکم اپریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ سیشن کا نصاب25فیصد کم کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں تعلیمی سال سے 2024کے پہلی جماعت سے جماعت ہشتم کے امتحانات کے علاوہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات صرف 75 فیصد نصاب سے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس اور سیکریٹری جنرل غلام مصطفیٰ کاکا نے اسٹیرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے فیصلوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فیصلے زمینی حقائق کے برعکس ناقابل فہم اور ناقابل عمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کرنے والوں کو معلوم ہی نہیں کہ انٹر کی کلاسز کب شروع ہوئی، نصاب کی کیا صورتحال ہے اور نصاب ختم کب ہوگا۔ سپلا کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ انٹرمیڈیٹ کے نصاب کو کم کرنے کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔ اس لیے کہ انٹرمیڈیٹ کا نصاب مارچ کے اختتام پر ختم ہو جائے گا۔
سپلا کے رہنماؤں نے کہا کہ فیصلہ کرنے سے پہلے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا بہت ضروری ہے ورنہ اسی طرح کے بے ہنگم فیصلے ہی ہوں گے۔ سپلا کے رہنماؤں نے اپریل کے مہینے میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے انعقاد کے فیصلے کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپلا کا یہ دیرینا مطالبہ تھا کہ امتحانات کو شدید گرمیوں کے بجائے معتدل موسم میں لیا جائے۔