کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر پر واقع رمپا پلازہ میں میں لگنے والی آگ پانچویں منزل تک پہنچ گئی، آگ بجھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر رمپا پلازہ میں لگی آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیاں اور ایک اسنارکل مصروف عمل ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے چوتھی منزل پر لگنے والی آگ نے دیگر منزلوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور عمارت میں لگی آگ کےشعلےعمارت سے باہر نظر آنے لگے، جس کے بعد فائربریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کرلی گئیں ہیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت میں گاڑیوں کےپارٹس اورٹائروں کی دکانیں اورگودام ہیں ، تمام اشیا آگ پکڑنے والی ہیں، جس سے شدت میں اضافہ ہورہا ہے، آگ لگنے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور عمارت میں کسی کے پھنسے ہونے کی اطلاع بھی نہیں ہے۔
چیف فائرافسر ہمایوں احمد نے کہا ہے کہ عمارت کا چوتھا اور پانچواں فلور آگ کی لپیٹ میں ہے، کے ایم سی کی اسنارکل سمیت 8 فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف ہیں ، ابتدامیں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم آگ کی شدت زیادہ ہوئی تو فائر بریگیڈ کو مطلع کیا گیا۔ ہمایوں احمد کا کہنا تھا کہ آگ پرقابو پانے میں کتنا وقت لگے گا یہ کہنا قبل از وقت ہے، آگ کی شدت میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے، آگ بجھانے کیلئے فوم کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
سی ای او واٹر کارپوریشن نے نیپا ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی ہے ای او واٹر کارپوریشن کے مطابق آگ بجھانے کیلئے پانی سے بھرے ٹینکرز روانہ کر دیے گئے ہیں ، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 حکام سے رابطے میں ہیں اور فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل خود نگرانی کر رہے ہیں، آگ پر مکمل قابو پانے پانی کے ٹینکرز فراہم کیے جائیں گے۔
پاک بحریہ بھی پلازہ میں لگی آگ پر قابو پانے میں بھرپورمعاونت کر رہی ہے، پاک بحریہ کے 2 فائرٹینڈرز، فائر باؤزر اور ریسکیو عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ فائرفائٹرز کی سول انتظامیہ کے ہمراہ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رمپا پلازہ میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ آگ پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اورعمارت میں آگ لگنےکی رپورٹ پیش کی جائے ساتھ ایس بی سی اے سمیت متعلقہ ادارے عمارتوں کی انسپکشن کریں۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے جائے حادثہ پر پھنسے افراد کو فوری ریسکیو کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگاکر فی الفور میڈیا سے شیئر کیا جائے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نوٹس لیتے ہوئے چیف فائر آفیسر سے آگ لگنے کے واقعہ سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے کہا کہ تاحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، آگ لگنے کے واقعہ میں کم سے کم مالی نقصان کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آگ بجھانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں، میئر کراچی نے کہا کہ رمپا پلازہ کی چوتھی اور پانچویں منزل پر لگنے والی آگ پر اسنارکل کے ذریعے کارروائی کی جارہی ہے، مزید فائر ٹینڈر‘ باؤزر اور دیگر آگ بجھانے کے آلات کو بیک اپ کے طور پر تیار رکھا جائے۔