نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کی تقریب حلف برداری سے قبل اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی نہ ہونے کی صورت میں مشرق وسطیٰ کوجہنم بھگتنے کی دھمکی دیدی ہے۔
ٹرتھ سوشل پر جاری اپنے ایک بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جنہوں نے انسانیت کے خلاف ان مظالم کا ارتکاب کیا وہ اس کی قیمت ادا کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس سب کے ذمہ داروں کو ایسا سبق دیا جائے گا جیسا پہلے کبھی امریکی تاریخ میں نہیں دیا گیا، یرغمالیوں کو فوری رہا کیا جائے۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں سے متعلق اپنے ایک بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی 14 ماہ کی جنگ میں 33 یرغمالی ہلاک، کچھ لاپتا ہوچکے ہیں۔ اسرائیل اپنی احمقانہ جنگ سے یرغمالیوں کو ہمیشہ کیلئے کھو سکتا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو یرغمالیوں کیلئے جو کچھ کرنا ہے کرلے اس سے پہلے کہ بہت دیرہو جائے۔