آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج قوم کی پُرعزم حمایت کے ساتھ تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نارووال اور سیالکوٹ کے قریب تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کیا، آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر گوجرانوالہ اور انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیو ایشن نے ان کا استقبال کیا اور انہیں مشق کے مختلف پہلوئوں، مقاصد اور انعقاد کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فوجی مشقیں پیشہ ورانہ مہارتوں،جنگی ماحول کی حکمت عملی کومزیدبہتربنانے کیلئے ہو رہی ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ مشق کے دوران آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس سمیت مختلف یونٹس نے مربوط فائر پاور سمیت مختلف آپریشنز کئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مشق میں الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں اور انفارمیشن آپریشنز کا بھی مظاہرہ کیا گیا، جس کا مقصد دشمن کے مواصلات میں خلل ڈالنے اور جدید میدان جنگ کے ماحول میں غلط معلومات پھیلانے کی حکمت عملیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ آرمی چیف نے فوجیوں کے ساتھ پورا دن میدان میں گذارا، ان کے تربیتی معیار، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کی تعریف کی اور دشمن کی طرف سے درپیش کسی بھی ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے مستقل تیاریوں کو برقرار رکھنے کی اہم اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ قوم کی حمایت سےافواج ہرسازش ناکام بنادیں گی، مسلح افواج، قوم کی حمایت کے ساتھ، تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج مادر وطن کی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، ہرخطرے کا بھرپور اور موثر جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔