کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی سست روی برقرار ہے جس کے بائث صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ کی سست روی سے طلباء اور فری لانسرز کی بڑی تعداد متاثر ہو رہی ہے، واٹس ایپ پر بھی صارفین کو ڈاؤن لوڈنگ میں شدید مشکلات درپیش ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی اے انٹرنیٹ کی سست روی کی وجوہات بتانے سے قاصر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے معاشی حب کراچی میں بھی انٹرنیٹ اسپیڈ تاحال سست ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، شہرکے مختلف علاقوں میں خصوصاً واٹس ایپ میسیجنگ میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں آڈیو، ویڈیو، تصاویر کی ترسیل میں حد سے زیادہ وقت لگ رہا ہے، صدر، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، گلستان جوہر کے مختلف علاقے متاثر ہیں، بعض علاقوں میں وائی فائی سروس بھی کام نہیں کر رہی۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت نے تیز انٹرنیٹ کیلئے قومی فائبرآئزیشن پالیسی پر کام شروع کردیا
اسلام آباد راولپنڈی میں انٹرنیٹ کی اسپیڈ قدرے بہتر ہے، سکھر میں بھی انٹرنیٹ سروس شہریوں کے لیے درد سر بن گئی ہے، تمام کمپنیز کے نیٹ ورکس کے ساتھ ساتھ پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہے۔ کئی روز سے جاری انٹرنیٹ کی سست روی سے صارفین ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی انٹرنیٹ سپیڈ انتہائی سست ہے، جس کی وجہ سے سوشل میڈیا ایپس بھی شدید متاثر ہیں، آن لائن کام کرنے والے افراد کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ تین روز سے واٹس ایپ پر اپ لوڈنگ اور ڈاؤن لوڈنگ متاثر ہونے کی وجہ سے صارفین پریشان ہیں۔
ملتان میں بھی صارفین واٹس ایپ، فیس بک پر تصاویر اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈنگ کے دوران مشکلات سے دوچار ہیں، ملتان میں گزشتہ ایک ہفتے سے انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے۔ گوجرنوالہ میں بھی انٹرنیٹ کی سپیڈ گزشتہ 7 روز سے انتہائی سست روی کا شکار ہے، یہاں بھی انٹرنیٹ اسپیڈ کی سست روی کی وجہ سے آن لائن کام کرنے والے لوگوں کا کام متاثر ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: خطے میں انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے پاکستان کا نمبر بہت پیچھے ہے، چیئرمین پی ٹی اے
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ ایک ماہ سے مختلف کمپنی کے نیٹ ورک سست روی کا شکار ہیں، شہر میں مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس اور نیٹ سروس نہ ہونے کے برابر ہے، اندرون بلوچستان کے کئی علاقوں میں نیٹ ورک کی مکمل بندش کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ صارفین کے ہزاروں روپے کے پیکجز ضائع ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انٹرنیٹ کی انتہائی خراب صورتحال پر آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی سست روی سے ملکی معیشت کو روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ آئی ٹی ماہرین کے مطابق پاکستان کا عمومی طور پر ٹیلی کام سیکٹر کا منافع 3 ارب روپے یومیہ ہے، ٹیلی کام سیکٹر کا 60 سے 70 فیصد یومیہ منافع 3 جی اور 4 جی نیٹ ورک سے جڑا ہے لیکن انٹرنیٹ مسائل کے باعث ٹیلی کام سیکٹر سمیت متعدد شعبے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔