وزیرمملکت آئی ٹی شزا فاطمہ نے ملک بھر میں سست انٹرنیٹ سے متعلق کہا ہے کہ ڈیٹا سروس مکمل بحال ہے۔ پاکستان میں انڈسٹری براڈ بینڈ پر کام کرتی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شزا فاطمہ نے دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں ڈیٹا سروس مکمل فعال ہے، ڈیٹا سروس پر تمام ایپس 100 فیصد درست کام کر رہی ہیں۔ موبائل ٹاور پاکستان میں ضرورت سے کم ہیں، اس کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا ملک پر یومیہ سیکڑوں سائبر حملے ہوتے ہیں، سائبر سیکیورٹی وقت کی ضرورت ہے، گزشتہ سال کی نسبت اس سال آئی ٹی انڈسٹری میں بے پناہ ترقی ہوئی ہے۔ پاکستان میں انڈسٹری براڈ بینڈ انٹرنیٹ استعمال کرتی ہے۔ آئی ٹی انڈسٹری کے اعدادوشمار بتارہے ہیں کہ ملک میں آئی ٹی کی انڈسٹری ترقی کررہی ہے اور یہ اس بات کاثبوت ہے کہ حکومت بہتری کیلئے کام کررہی ہے۔
ایکس (ٹوئیٹر) کی بندش سے متعلق سوال پر وزیرمملکت آئی ٹی نے کہا کہ جہاں سیکیورٹی کی بات ہو وہاں وزارتِ داخلہ پی ٹی اے کو ہدایت دیتی ہے، وزارت داخلہ کی ہدایت کے مطابق ایکس کو بند کیا گیا۔ ایکس پاکستان میں 2 فیصد سے کم لوگ استعمال کرتے ہیں، ایکس کی بندش کا مطلب اظہارِ رائے پر پابندی ہرگز نہیں۔ یوٹیوب، فیس بک سمیت تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اظہارِ رائے کی آزادی ہے۔