کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر گزشتہ روز پانی کی مین لائن متاثر ہوئی تھی۔ جس پر واٹر کارپوریشن حکام نے بتایا کہ 84 انچ کی مین لائن کا عارضی طور پر مرمتی کام مکمل کر لیا گیا ہے تاہم لائن کے مستقل مرمتی کام کے لیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے شٹ ڈاؤن لینا پڑے گا۔
حکام کے مطابق 84 انچ کی مین لائن کو خالی کر کے اندر سے پورا معائنہ کرنا پڑے گا، مستقل مرمت کے لیے دھابیجی اسٹیشن سے شٹ ڈاؤن لینے کا لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر صلاح الدین کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں ریکوری اینڈ ریسورس جنریشن کے افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں واٹر کارپویشن نے بلوں کی ادائیگیاں نہ کرنے والوں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ سی ای او انجینئرصلاح الدین نے کہا تھا کہ مختلف اداروں پر پانی کے بلوں کی مد میں 52 ارب روپے سے زائد کے واجبات ہیں، جو 2016ء سے واٹر کارپوریشن کو ادا نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ آمدنی میں مزید اضافے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔