جاپان نے انسانوں کو دھونے والی مشین کا پہلا ماڈل باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا ہے۔ اس جدید مشین میں ان گنت سینسر، پانی کو بلبلوں میں بدلنے والا نظام اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی بھی استعمال گئی ہے۔
آڈیٹی سینٹرل ویب سائٹ کے مطابق سنہ 1970 میں جاپانی کمپنی سانیو نے اپنی الٹراسونک باتھ کمپنی کا عملی مظاہرہ کیا تھا لیکن وہ منظرِ عام پر نہیں آسکی۔ تاہم اب اوساکا کی ایک نئی کمپنی ‘سائنس کارپوریشن’ نے انسانوں کی واشنگ مشین کا پہلا ماڈل 2025 میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سائنس کمپنی اس سے قبل باورچی خانے اور غسل خانے کے لیے ان گنت ایجادات پیش کر چکی ہے۔ نئی واشنگ مشین کو پروجیکٹ یوسویارو کا نام دیا گیا ہے۔ مشین میں جانے کے بعد سینسر بھی نصب ہے جو آپ کی صفائی ستھرائی میں مدد کریں گے جبکہ باریک موٹریں صابن کے بلبلے بنا کر غسل کو مزید آسان بنائیں گی۔
واشنگ مشین میں لیٹنے کے بعد یہ آپ کی صحت اور مساج کا خیال بھی رکھے گی۔ اس میں پرسکون موسیقی سنی جاسکتی ہے اور مشین کے اندر واٹر پروف ڈسپلے بھی لگایا گیا ہے جس میں آپ پرفضائی مقامات کی تصاویر بھی دیکھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ کئی طرح کے سینسر جسم کی کیفیت کا خیال رکھتے ہوئے اعصاب کو سکون پہنچانے کا کام بھی کریں گے۔ اس سارے عمل میں مصنوعی ذہانت کو استعمال کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق واشنگ مشین کا پہلا ماڈل 2024 میں پیش کیا جائے گا جبکہ 2025 سے اسے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔