انڈیا کی ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میں مبینہ طور پر گوگل میپ کے بتائے گئے راستے پر سفر کرنے والی گاڑی زیر تعمیر پل سے گرگئی جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ اتوار کو پیش آئے کار حادثے میں محکمہ تعمیرات عامہ کے چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کو دی گئی شکایت میں گوگل میپس کے ریجنل منیجر کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے داتا گنج چھاویرام کے نائب تحصیلدار نے انڈین جسٹس کوڈ (بی این ایس) کی دفعہ 105 کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق گوگل کے ترجمان کا کہا ہے کہ ہمیں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے پوری ہمدردی ہے۔ ہم متعلقہ حکام کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور تحقیقات میں تعاون کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اجیت، نتن اور امیت کار سے بداون سے بریلی کے علاقے فرید پور جا رہے تھے۔ جب وہ رام گنگا ندی کے قریب پہنچے تو مبینہ طور پر گوگل میپ کا استعمال کرتے ہوئے ایک نامکمل پل پر چڑھ گئے اور ان کی گاڑی آگے بڑھتے ہوئے پل سے نیچے گر گئی اور تینوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔