Search
Close this search box.
تازہ ترین نمایاں کراچی

جامعہ کراچی کے 16506 نادہندہ طلبہ پر 2 ارب 10 کروڑ روپے واجب الادا

جامعہ کراچی کے صبح و شام کے پروگرامز کے ڈیفالٹر طلبا و طالبات کے حوالے سے شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت بدھ کو وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں اجلاس ہوا۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ کوبتایا گیا کہ 2020 تا 2024  صبح و شام کے پروگرامز کے تقریباً 16506 طلبہ پر 2101.5 ملین روپے واجب الادا ہیں جبکہ اس میں ایم فل/پی ایچ ڈی اور دیگر پوسٹ گریجویٹ پروگرام میں داخلہ لینے والے ریسرچ اسکالرز شامل نہیں ہیں۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایوننگ پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، مشیر امور طلبہ ڈاکٹر نوشین رضا اور ناظم مالیات سید جہانزیب نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء نے نادہندگان طلبہ کی تعداد اور اتنی بڑی رقم کی عدم ادائیگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نادہنگان طلبہ کو امتحانات میں شرکت کی اجازت نہ دینے اور ایڈمٹ کارڈ جاری نہ کرنے کی سفارش کی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں فیس کی ادائیگی نہ کرنے والے فارغ التحصیل طلبہ کی انرولمنٹ / ڈگری منسوخ کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

تفصیلات کے مطابق مارننگ پروگرام کے طلبا و طالبات کو 22,575 فیس واؤچرز جاری کئے گئے جبکہ 13205 طلباوطالبات نے اپنی فیسیں ادا کی اور 9370 طلبہ تاحال نادہندہ ہیں۔

ایوننگ پروگرام کے طلبا و طالبات کو 13425 فیس واؤچرز جاری کئے گئے جس میں سے 6543 طلبا و طالبات نے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جبکہ 6882 طلبا و طالبات تاحال فیس جمع کرانے سے قاصر ہیں۔ ایوننگ پروگرام کے 1435.04 ملین روپے سے زائد واجب الادا فیسوں میں سے اب تک صرف 385.19 ملین روپے کی ادائیگی کی گئی جوکہ کل واجب الادا فیسوں کا صرف 26.84 فیصد بنتا ہے۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں