ہتھنی کو کنٹینر کے ذریعے ٹرک پر لوڈ کر کے سفاری پارک لایا گیا، منتقلی کے دوران ہتھنی نے کنٹینر میں خود کو زخمی بھی کر لیا۔
سربراہ فورپاز ڈاکٹر عامر خلیل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دیکھنا ہے کہ مدھوبالا سفاری پارک میں موجود ہتھنیوں سے کتنے وقت میں مانوس ہوتی ہے۔
چڑیا گھر میں موجود ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک میں منتقل کرنے کے لیے صبح کنٹینر میں سوار کیا گیا تھا، بعد ازاں اس کنٹینر کو کرین کی مدد سے ٹرک پر لوڈ کیا گیا۔ہتھنی مدوھوبالا کا ٹرک لیاری ایکسپرے وے سے سہراب گوٹھ اور پھر ابوالحسن اصفہانی روڈ سے ہوتا ہوا سفاری پارک لایا گیا۔
منتقلی کے دوران سٹی وارڈنز کی بھاری نفری تعینات رہی۔سربراہ فورپاز ڈاکٹر عامر خلیل کا کہنا ہے کہ ہتھنی بہت کوششوں کے بعد کنٹینر میں داخل ہوئی، کنٹینر میں ڈالنے کے بعد اسے نیم بیہوشی کی دوا دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہتھنی کے لیے سفاری پارک میں 3 گنا بڑی جگہ بنائی گئی ہے، جس میں خصوصی انکلوژر، سوئمنگ پول اور دیگر سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
عامر خلیل کا کہنا ہے کہ اب یہ دیکھنا ہے کہ سفاری پارک میں موجود ہتھنیوں ملکہ اور سونیا سے یہ کتنے وقت میں مانوس ہوتی ہے۔
جانوروں کے حقوق کی کارکن عائشہ سحر نے کہا کہ مدھو بالا نے خود کو کنٹینر میں مارا ہے جس کے باعث وہ زخمی ہوئی ہے، خدشہ ہے کہ وہ بہت زیادہ زخمی ہو گئی ہے، پہلے ہی وہ بہت کمزور ہے، اب اس کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے..