دنیا بھر میں ہر 10 منٹ میں ایک عورت شریک حیات ، بوائے فرینڈ یا پھر اپنے کسی رشتے دار کے ہاتھوں قتل کردی جاتی ہے۔ اس بات کا انکشاف اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ 107 ممالک کے دستیاب اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن پر یو این ویمن اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں خواتین کے قتل کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 2023 کے دوران ہر 10 منٹ میں ایک عورت کو اپنے کسی ساتھی، شریک حیات یا پھر کسی نہ کسی رشتے دار کے ہاتھوں جان سے جانا پڑا ہے۔
دنیا بھر میں 2023 میں کتنی خواتین قتل ہوئیں؟
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال تقریباً 85 ہزار خواتین کو قتل کیا گیا، اس اعداد و شمار میں تقریباً 60 فیصد یا 51 ہزار سے زائد عورتیں اپنے ساتھی یا پھر کسی نہ کسی رشتے دار کے ہاتھوں قتل کی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں عورتوں کے قتل کی شرح روزانہ اوسطاً 140 ہے جہاں گھر میں لڑکیوں اور خواتین کو قتل کیے جانے کا خطرہ سب سے زیادہ موجود ہے۔ دوسری جانب خواتین کے مقابلے میں مردوں کو قتل کیے جانے کا امکان 4 گنا زیادہ یعنی 80 فیصد بتایا گیا ہے۔
کن ممالک میں خواتین کے قتل کی شرح سب سے زیادہ اور سب سے کم تھی؟
رپورٹ کے مطابق افریقا میں شریک حیات اور خاندان کے ہاتھوں قتل کی جانے والی خواتین کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں 2023 میں 21 ہزار 700 خواتین کو قتل کیا گیا، اس کے بعد امریکا اور اوشیانا کا نمبر ہے جب کہ خواتین کے قتل کی سب سے کم شرح یورپ اور ایشیا میں دیکھی گئی۔
رپورٹ کے حوالے سے یو این ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما بہوس کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کو روکنے کے لیے مضبوط قانون سازی، اعلیٰ سطح کی حکومتی جوابدہی اور خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کیلئے جاری فنڈز میں اضافے کی ضرورت ہے۔