کراچی کے علاقے عزیز آباد نمبر2، انار کلی سوسائٹی اور اس کے اطراف کے علاقوں کے مکین گزشتہ 6 ماہ سے واٹر بورڈ کی جانب سے پانی کی بندش کے باعث شدید اذیت کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق براہ راست فائدہ ٹینکرز مافیا کو پہنچایا جارہا ہے، علاقے میں موجود فلور مل اور کارخانوں کو مبینہ بھاری رشوت کے عوض بدستور پانی کی فراہمی جاری ہے۔ علاقہ مکینوں نے واٹر بورڈ کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کے ساتھ روا رکھے گئے ناروا سلوک میں ملوث اہلکاروں کا احتساب اور علاقے میں پانی کی فراہمی فوری بحال کی جائے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر کراچی کے تین اہم منصوبوں کریم آباد انڈر پاس، کورنگی کاز وے پل اور ملیر ایکسپریس وے کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کا پلان پیش کریں انہوں نے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کرونگا۔