معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے دور میں بدعنوانی کے الزامات میں قید ہونے والی بنگلہ دیش کی انتہائی علیل اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیا 6 سال میں پہلی بار منظر عام پر آگئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء نے گزشتہ روز مسلح افواج کی ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کا استقبال عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے کیا۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کا کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت ہیں اور ہمارے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ آج بیگم خالدہ ضیا یہاں موجود ہیں، تمام لوگ ان کی یہاں موجودگی کی وجہ سے بے حد خوش ہیں۔
خالدہ ضیاء کو معزول وزیراعظم حسینہ واجد کے طویل دور حکمرانی 2018 میں بدعنوانی کے الزام میں قید کیا گیا تھا۔ لیکن اگست میں طلبہ انقلاب کے نتیجے میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے 15 سالہ آمرانہ دور کے خاتمے کے کچھ گھنٹوں بعد خالدہ ضیاکو رہا کردیا گیا تھا۔ 79 سالہ خالدہ ضیا گزشتہ کئی سالوں سے علیل ہیں اور وہیل چیئر کے سہارے چلتی ہیں۔