احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
عدالت نے نیب کو بشریٰ بی بی کو گرفتار کرکے 26 نومبر پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضامن کو بھی شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔ بشریٰ بی بی کے وکیل نے آج بھی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنا کی درخواست کی۔ نیب نے اعتراض کیا کہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل پشاور لیڈی ریڈنگ اسپتال کا ہے جبکہ نوٹری اٹیسٹیشں اسلام آباد سے ہوئی۔
واضح رہے کہ بشری بی بی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی 8 سماعتوں سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔
یاد رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز یا القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سیکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔
یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔