سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کا تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے لگائے گئے الزام پر مؤقف سامنے آگیا۔ جیونیوز کے مطابق جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع نے بشریٰ بی بی کے الزام کی تردید کی ہے، سینیئر صحافی انصار عباسی نے بتایا کہ انہیں قمر جاوید باجوہ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے کی گئی بات بالکل جھوٹ ہے۔
انصار عباسی کے مطابق سابق آرمی چیف کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں کہ میں خانہ کعبہ جاکر یہ بات کرنے کو تیار ہوں کہ جو بشریٰ بی بی کی جانب سے بات کی گئی وہ بالکل جھوٹ ہے، دورے کے بعد ان کے پاس کوئی کالز نہیں آئیں، بشریٰ بی بی نے جھوٹی بات کی ہے۔ انصار عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سکینڈ لیئر لیڈر شپ بھی بشریٰ بی بی کے بیان پر پریشان ہے، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما کا کہنا ہےکہ بشریٰ بی بی نے سب کچھ پر پانی پھیردیا۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے توباجوہ (سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ) کو کالز آنا شروع ہوگئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔ بشریٰ بی بی کے مطابق باجوہ کو کہا گیا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لےکر آئے،کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا ، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔