راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 28 ستمبر کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمہ نمبر 2831 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا گیا۔
جج محمد امجد نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی, بانی پی ٹی آئی کوکمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمہ نمبر 2831 میں جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کی، سرکاری پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے دلائل دیے۔ بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے مخالفت میں دلائل دیے، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا 5 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو 5 روز کے لیے پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم دیا، پولیس بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ہی تفتیش کرے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ سے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور کیے جانے کے بعد راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی کے بانی کو تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے میں گرفتار کرلیا تھا۔