معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس کا ایک دروازہ 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے جہاں عوام کے مسائل سنے جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مفتی محمد تقی عثمانی نے گورنر ہاؤس کراچی میں آئی ٹی سینٹر کا دورہ کیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مفتی تقی عثمانی کا استقبال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس بارہا آ چکا ہوں، اس ہاؤس میں قائدِ اعظم مقیم رہے پھر متعدد صدر اور گورنر آتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ متعدد مرتبہ مجھ سے ملے اور اپنے کاموں سے آگاہ کیا۔
مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ گورنر کی باتیں سنیں جو انقلابی نوعیت کی تھیں، میں نے یہ کام خود دیکھنے کی خواہش کی اور آج یہاں آیا ہوں۔