کراچی سمیت سندھ کے 18 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے بغیرکسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
10 بلدیاتی نشستوں کے لیے 167 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ ایک سو 57 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 10 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ بوتھس کی مجموعی تعداد 618 ہے۔ دس بلدیاتی حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 491 ہے ، ایک لاکھ 57 ہزار 617 مرد اور ایک لاکھ 37 ہزار 874 خواتین ووٹرز ہیں۔
کراچی میں 10 بلدیاتی اور ایک کنٹونمنٹ بورڈ کی نشست پر انتخابات ہورہے ہیں۔ کراچی میں 4 چیئرمیں ،2 وائس چیئرمین اور 4 وارڈ ممبر کی نشستوں کے لیے پولنگ ہورہی ہے۔ 10 بلدیاتی نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 68 امیدوار بیلٹ پیپر پر موجود ہیں۔ ملیر ٹائون یو سی 9 کے چیئرمین کے لیے 5 امیدوار میدان میں ہیں۔ابراہیم حیدری ٹائون یو سی 7 وارڈ 4 کے لیے 5 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ لانڈھی ٹاؤن کی یو سی 6 کے وائس چیئرمین کے لیے 8 امیدوار مدمقابل ہیں۔
ماڈل کالونی ٹاؤن یو سی 7 کے چیئرمین کے لیے 12 امیدوار میدان میں ہیں۔کورنگی ٹاؤن یو سی 7 کے وارڈ ایک پر 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ صدر ٹائون کی یو سی 13 کے چیئرمین کے لیے 7 امیدوار مدمقابل ہیں۔ منگھوپیر ٹاؤن کی یو سی 5 کے وارڈ 4 پر 5 امیدوار بیلٹ پیپر پر موجود ہیں۔ گلبرگ ٹائون یو سی 5 کے وائس چیئرمین کے لیے 6 امیدوار میدان میں ہیں۔ لیاقت ٹاؤن یو سی 7 کے چیئرمین کے لیے 8 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ بلدیہ ٹاؤن کی یو سی 10 کے وارڈ 4 میں 5 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
ضمنی انتخابات کی وجہ سے یوسی 13 ضلع ساؤتھ میں چھٹی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر ضلع ساؤتھ نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ انتخابی عمل کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل اور تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر 16 سے 18 اہلکار تعینات ہوں گے۔حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8 سے 12 پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی جائے گی۔
علاوہ آزیں، سندھ کے 12 اضلاع میں 22 مختلف کٹیگریز کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ سکھر کی 2 نشستوں میں یونین کمیٹی نمبر6 کے وائس چئیرمین اور یوسی روہڑی کے چیئرمین کیلئے الیکشن ہو رہا ہے جبکہ نواب شاہ کی 4 نشستوں، سکرنڈ کے حلقہ 4 میں وائس چیئرمینوں، وارڈ نمبر دو میں جنرل کونسلر، ایچ ایم خواجہ یونین کونسل 4 میں چیئرمین اور ممبر ضلع کونسل کا انتخاب ہو رہا ہے۔
گھوٹکی میں اوباڑو کی یونین کونسل کموں شہید کے چیئرمین کیلئے پولنگ ہو رہی ہے جبکہ حیدرآباد میں 5 نشستوں اور ٹنڈو محمد خان میں 2 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ ٹنڈوالہیار کی یونین کونسل لانڈھی کے وارڈ نمبر 2 پر جنرل کونسلر، لاڑکانہ میں رتودیرو کے وارڈ نمبر 2 میں جنرل کونسلر اور قمبرشہدادکوٹ میں یونین کونسل لاکھا میں جنرل کونسلر کی نشست پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
مٹیاری ٹاؤن کمیٹی کے وارڈ 7، جیکب آباد میونسپل کمیٹی کے وارڈ نمبر 6 پر جنرل کونسلر، شکارپور یونین کونسل نمبر 5 میں چیئرمین جبکہ نوشہرو فیروز میں یونین کونسل نیوآباد میں چیئرمین اور کندھر میں کونسلر کی نشست پر پولنگ ہو رہی ہے