کراچی کے علاقے اورنگی ہزارہ چوک پر ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے فیکٹری ملازم کو قتل کردیا، مقتول 3 بچوں کا باپ تھا۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، مقتول کی شناخت 44 سالہ فیاض کے نام سے کی گئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ مقتول فیاض فجرکی نمازپڑھ کر آرہا تھا کہ ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی اور دوران ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فیاض کو اورنگی ہزارہ چوک پر ڈاکوؤں نے نشانہ بنایا، اہل خانہ کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ سے پہلے فیاض سے لوٹ مار کی، مزاحمت کی تو سامان تو نہ چھینا، قیمتی جان لے لی۔ پولیس نے کہا کہ مقتول کے سینے پر لگنے والی گولی وجہ موت بنی ، مقتول فیاض فیکٹری میں کام کرتا تھا اور3 بچوں کا باپ تھا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق 44 سالہ فیاض کا قتل ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ ہے تاہم دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات کریں گے