پنجاب میں دھند اور اسموگ کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت شدید متاثر ہونے کی وجہ سے آج بھی متعدد ٹرینیں بروقت روانہ نہیں ہوسکیں۔ ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ریلوے حکام کا بتانا ہےکہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس 3 گھنٹے تاخیر کے ساتھ دوپہر 2 بجے کے بجائے 3:30 بجے روانہ ہوگی، رحمان بابا ایکسپریس کراچی سے دوپہر 12 کے بجائے 3:00 بجے روانہ ہوگی۔ کراچی سے لاہور جانے والی پاک بزنس ایکسپریس دوپہر 4 بجے کے بجائے شام 06:15 پر روانہ ہوگی۔ حکام نے بتایا کہ کراچی سے فیصل آباد ملت ایکسپریس شام 5 کے بجائے رات 07:00 بجے روانہ ہو گی۔
ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس اور لالہ موسیٰ سے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس دونوں 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں جب کہ کراچی سے ملتان جانے والی بہاؤ الدین زکریا ایکسپریس 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے