ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے پاسپورٹ فیس میں اضافے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ ترجمان کے مطابق پاسپورٹ فیس میں دوبارہ اضافے کی خبروں میں صداقت نہیں، پاسپورٹ فیس میں اضافہ 7 مارچ کو کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کا کہنا ہے کہ 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ کی 5 سالہ فیس نارمل کیٹگری میں 4500 روپے ہے، ارجنٹ کیٹگری میں فیس 7500 جبکہ فاسٹ ٹریک میں 12 ہزار 500 روپے مقرر ہے۔
ترجمان کے مطابق 72 صفحات پر مشتمل نارمل کیٹگری کے 5 سالہ پاسپورٹ کی فیس 8200 روپے ہے، ارجنٹ کیٹیگری میں فیس 13 ہزار 500 جبکہ فاسٹ ٹریک 18 ہزار 500 ہے۔ پہلی دفعہ گم ہونے کی صورت میں نارمل کیٹگری کیلئے 9 ہزار روپے فیس مقرر ہے، دوسری اور تیسری بار پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں فیس ڈبل اور ٹرپل ہوگی۔
ترجمان کے مطابق پاسپورٹ فیس کا تعین کیٹگری اور مدت کے مطابق کیا جاتا ہے، 36 صفحات اور 72 صفحات کی الگ جبکہ 100 صفحات کی فیس الگ الگ ہے، پاسپورٹ فیس میں اضافے کی خبروں پر شہری دھیان نہ دیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاسپورٹ فیسوں میں اضافے سے متعلق خبر سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت نے ای پاسپورٹ، مشین ریڈ ایبل ( ایم آر پی ) اور گمشدہ پاسپورٹس کے اجرا کیلئے الگ الگ فیسیں مقرر کر دی ہیں۔