انٹرنیٹ میں خلل کے باعث سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سست روی کے شکار ہیں جس پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا کہنا ہے کہ میٹا پلیٹ فارمز پرسب سے زیادہ صارفین ہونے کے باعث سست روی کا شکار ہوئے، میٹا پلیٹ فارمز کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس کم متاثر ہوئے۔
پی ٹی اے کے مطابق انٹرنیٹ میں خلل سے فیس بک اور واٹس ایپ سروسز زیادہ متاثر ہوئیں، میٹا ایپلیکیشن فیس بک کے پاکستان میں 50 ملین صارفین ہیں اور واٹس ایپ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ریئل ٹائم ایپلیکیشن ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ جون 2024 میںSMW4 کیبل کٹنے سے 1.5 ٹیرا بائیٹس فی سیکنڈ ڈیٹا کی کمی ہوئی، بعد ازاں AAE-1 کیبل میں خرابی سے 0.25 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ ڈیٹا کی کمی ہوئی۔
پی ٹی اے نے کہا کہ صارفین کو مطلع کیا گیا کہ رش کے گھنٹوں میں انٹرنیٹ سست رہے گا، ٹیلی کام آپریٹرز نے فوری طور پر ٹریفک کو متبادل روٹس پر منتقل کیا۔ پی ٹی اے نے مزید کہا کہ ماہ اگست میں پی ٹی اے کو واٹس ایپ سروسز متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئیں جب کہ پی ٹی اے نے ٹیلی کام آپریٹرز کو فوری طور پر مسئلے کے حل کی ہدایت دی۔
پی ٹی اے نے کہا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں واٹس ایپ اور فیس بُک کی سست روی کا مسئلہ حل ہوگیا، سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو فور ٹھیک ہونے سے صورت حال نارمل ہوجائے گی