Search
Close this search box.
تازہ ترین نمایاں خصوصیت پاکستان

پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی آج لگے گی، حکومت کو صرف ایک بڈ موصول

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے بولی لگنے کا عمل آج شروع ہوگا جس کے لیے حکومت کو صرف ایک بولی موصول ہوئی ہے۔ نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی بولی کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں

میڈیا رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر نجکاری کمیشن نے ابتدائی طور پر 6 بولی دہندگان کو اہل قرار دیا تھا، 6 کنسورشیم خسارے میں چلنے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے لیے بولی لگانے کے اہل تھے، تاہم ان میں سے 5 اس عمل سے دور رہے۔

حکومت نے ایئر بلیو لمیٹڈ، عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ، ایئر عربیہ کی فلائی جناح، وائی بی ہولڈنگز پرائیویٹ، پاک ایتھنول پرائیویٹ اور رئیل اسٹیٹ کنسورشیم بلیو ورلڈ سٹی کو قومی ایئرلائن میں اکثریتی حصص کے لیے شارٹ لسٹ کیا تھا۔

تفصیلی جائزے کے بعد نجکاری کمیشن بورڈ نے تکنیکی، مالی اور دستاویزی ضروریات کی بنیاد پر ان کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا اور انہیں بولی کے عمل کے اگلے مرحلے کے لیے اہل قرار دیا۔ کامیاب بولی دہندگان پی آئی اے کے حصص کے سرمائے کا 51 فیصد سے 100 فیصد حصہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

دوسری طرف نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کا عمل آج دوپہر اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا، پی آئی اے کیلئے بولی کھولنے کا عمل آج 6 بجکر 30 منٹ پر کیا جائے گا، نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی نجکاری کی تاریخ میں توسیع کر کے 31 اکتوبر رکھی تھی۔

یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کیلئے ستمبر کے آخر تک کا وقت دیا تھا۔

واضح رہے کہ قومی فضائی کمپنی پی آئی اے ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے جس کے سرمائے کا تقریبا 96 فیصد حصہ حکومت کے پاس ہے۔ پی آئی اے مختلف کاروباری شعبوں میں کام کرتی ہے جن میں مسافروں کی خدمات، گراؤنڈ ہینڈلنگ، فلائٹ ٹریننگ، کارگو، انجینئرنگ اور ان فلائٹ کیٹرنگ شامل ہیں۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں