محکمہ موسمیات نے ماہ دسمبر کے وسط میں سردی پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے، موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق رواں سال سردی کا دورانیہ کم ہوسکتا ہے۔
شہر قائد میں گرمی کی لہر برقرار ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے سبب شہری پریشان ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شہر قائد کے باسیوں کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے مہینے میں اگست جیسی گرمی پڑ رہی ہے، کراچی کا درجہ حرارت ان دنوں 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال کراچی سمیت ملک بھر میں سردی معمول سے کم پڑنے کا امکان ہے انہوں نے بتایا کہ کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا اور کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ لاہور، اسلام آباد، پشاور، دیر، چترال اور سوات میں چند ایک مقامات پر بارش متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے دوسری جانب لاہور میں اسموگ میں خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر شہریوں کے لیے ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا گیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری ایمرجنسی الرٹ میں عوام سے ماسک پہننے، گھروں کی کھڑکیاں، دروازے بند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے، الرٹ میں کہا ہے کہ دہلی،امرتسر ، چندی گڑھ کی اسموگ تیز ہوا کے ساتھ لاہور میں داخل ہو رہی ہے