موسمیاتی تجزیہ کاروں نے کراچی میں نومبر کے وسط سے رات کی خنکی کے آغاز کا امکان ظاہر کردیا۔
رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت زیریں سندھ گرم موسم کی لپیٹ میں ہے جب کہ کراچی میں دن کا درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں کے قریب ہوا کا زائد دباؤ موجود ہے، اس زائد دباؤ کے باعث شمال مغرب اور شمال مشرق کی ہوائیں بھی متاثر ہیں اور اکتوبر کے آخر تک گرمی کی شدت میں کمی کا امکان نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق موسمیاتی تجزیہ کاروں نے بتایا ہے کہ 6 یا 7 نومبر سے ہوا کے زائد دباؤ کے اثرات کم ہونا شروع ہوں گے جب کہ نومبر کے وسط سے دن کا درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے اور نومبر کے وسط سے رات کی خنکی کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔